19 hours ago
بھارتی کرنل کی بیوی کے ساتھ اعلی افسران کی زیادتی، شوہر نے بے نقاب کردیا

ویب ڈیسک
|
20 Jul 2025
نئی دہلی: بھارتی فوج کے کرنل امیت کمار نے فوج میں مبینہ جنسی درندگی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اعلیٰ فوجی افسران پر اپنی بیوی کے ساتھ عصمت دری کا الزام لگایا ہے۔
ان کے انکشافات نے بھارت میں خواتین کی حفاظت اور فوج کی ساکھ پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
کرنل امیت کمار نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیوی کے ساتھ اڑیسہ میں پیش آنے والے ایک خوفناک واقعے میں جنرلز اور بریگیڈیئرز ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنی بیوی کو فیملی وارڈ سے لے کر آئے تو ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔ کرنل کے مطابق، فوجی افسران اپنی حرکتوں کو “آرڈرز اور ڈیوٹی” کی آڑ میں چھپاتے ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ اس واقعے کی ویڈیوز موجود ہیں، لیکن کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
کرنل امیت نے بتایا کہ ایف آئی آر 33/2024 میں تین بریگیڈیئرز اور ایک لیفٹیننٹ کرنل کو نامزد کیا گیا تھا، لیکن سب کو کلین چٹ دے دی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تحقیقات انہی افراد نے کی جو خود اس جرم میں ملوث تھے۔ انہوں نے ایڈجوٹینٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل ایس پی سنگھ، بریگیڈیئر پربھو، اور میجر جنرل سندیپ کو قانونی مشیر قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف شکایات کی نشاندہی کی۔
بھارتی فوج پر تنقید کرتے ہوئے کرنل امیت نے سوال اٹھایا کہ آرمی چیف خواتین کے خلاف سنگین جرائم پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی غفلت نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا مجرمانہ عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کی جانب سے کوئی میڈیکل دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں، جو فوج کے یونیفارم میں موجود ڈاکٹروں کی اصل حقیقت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب فوج کا کمانڈر خود ملوث ہو تو انصاف کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔
کرنل امیت نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان کی بیوی کی کردار کشی کے لیے جھوٹے پیغامات کے ذریعے پولیس اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ قومی خواتین کمیشن کی شکایت کے بعد ایس پی کانگڑا کو صرف پانچ دن میں نئی پوسٹنگ پر منتقل کر دیا گیا۔ کرنل نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بھارتی فوج کی ویسٹرن کمانڈ کے مظالم کو بے نقاب کر کے رہیں گے۔
انہوں نے مودی حکومت پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ اس کی نااہلی کی وجہ سے فوج متاثرین پر ویڈیوز اور کردار کشی کے ذریعے دباؤ ڈال رہی ہے، اور جنسی زیادتی کے مرتکب فوجی آزاد گھوم رہے ہیں۔ کرنل امیت نے سوال کیا کہ کیا بھارتی جنرلز قانون سے بالاتر ہیں، اور کس نے انہیں خواتین کی عزت سے کھیلنے کا اختیار دیا؟
Comments
0 comment