3 hours ago
بحیرہ احمر میں بھارتی تجارتی جہاز پروجیکٹائل حملے کے بعد غرق ہوگیا
Webdesk
|
5 Aug 2026
یمن کے قریب بحیرہ احمر میں بھارتی تجارتی جہاز پروجیکٹائل حملے کے بعد ڈوب گیا۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے قریب بحیرہ احمر میں حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز ڈوب گیا تاہم کوسٹ گارڈ نے جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت بچا لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی حکام کے مطابق جہاز پر سوار تمام 14 افراد جن میں 13 بھارتی شہری اور ایک یمنی شامل تھا بندرگاہ الحدیدہ کے جنوب میں حملے کے بعد بحفاظت ریسکیو کر لئے گئے۔
بھارت کے وزیرِ جہاز رانی سربانندا سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ جہاز کو یمنی سمندری حدود کے قریب ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ خطے میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے، بھارت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلااشتعال حملہ قرار دیا ہے۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس حملے کا ذمہ دار ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف بحیرہ احمر میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے متعدد آئل ٹینکروں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکے ہیں۔
Comments
0 comment