10 hours ago
چین میں بدعنوانی اور کرپشن پر 2 ہائی رینک سمیت 9 فوجی افسران برطرف

ویب ڈیسک
|
18 Oct 2025
چین میں کمیونسٹ پارٹی نے کرپشن کے سنگین الزامات پر فوج کے 9 اعلیٰ جرنیلوں کو عہدوں سے ہٹا کر پارٹی اور فوج، دونوں سے برخاست کر دیا ہے۔
چینی وزارتِ دفاع کے مطابق برطرف کیے گئے افسران میں سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین ہی ویڈونگ اور راکٹ فورس کے سربراہ وانگ ہوبن بھی شامل ہیں۔ وزارت نے کہا کہ یہ اقدام بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، تاہم بعض تجزیہ کاروں کے نزدیک یہ کارروائی سیاسی اثرات بھی رکھتی ہے۔
وزارتِ دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افسران نے پارٹی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیاں کیں اور ان پر بڑے مالیاتی گھپلوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پارٹی کے آئندہ کنونشن سے قبل سامنے آیا ہے، جہاں کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی اقتصادی پالیسیوں پر غور اور نئے ارکان کے انتخاب پر ووٹ دے گی۔
ہی ویڈونگ، جو فوج میں دوسرے اہم ترین عہدے پر فائز اور مارچ کے بعد سے منظر عام پر نہیں آئے تھے، جس کے باعث ان کے خلاف تحقیقات کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
چینی حکام کے مطابق، یہ کارروائی اس عزم کا اظہار ہے کہ پارٹی اور فوج کے اندر کسی بھی سطح پر بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments
0 comment