فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی قرارداد اقوام متحدہ میں کثرت رائے سے منظور

ویب ڈیسک
|
13 Sep 2025
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل کے حق میں پیش کی گئی قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرلیا۔
یہ قرارداد سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ کاوش کے طور پر پیش کی گئی تھی، جسے 142 ممالک نے حمایت جبکہ امریکا اور اسرائیل سمیت 10 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ مزید 12 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ 7 صفحات پر مشتمل اعلامیہ جولائی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کا نتیجہ ہے، جس کی میزبانی ریاض اور پیرس نے کی تھی۔
ادھر اسرائیل نے اس فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے دو ریاستی حل کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حال ہی میں مغربی کنارے میں نئی آباد کاری کے منصوبے پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ "اس سرزمین پر فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی۔"
یاد رہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے تنازع کے حل کے لیے عالمی سطح پر دو ریاستی فارمولے کو سب سے مؤثر قرار دیا جاتا رہا ہے، تاہم اسرائیل کی حالیہ پالیسیوں اور بیانات نے اس راستے کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے۔
Comments
0 comment