غزہ میں 71 ہزار فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیل کا پہلی بار اعتراف

غزہ میں 71 ہزار فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیل کا پہلی بار اعتراف

71 ہزار667 فلسطینی شہیدہوئے، اسرائیلی وزارت صحت
غزہ میں 71 ہزار فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیل کا پہلی بار اعتراف

ویب ڈیسک

|

30 Jan 2026

اسرائیلی فوجی حکام نے پہلی مرتبہ غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار کو تسلیم کر لیا ہے اور مانا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 71 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اب غزہ کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کو قبول کر لیا ہے، حالانکہ اس سے قبل ان اعداد و شمار کو غلط اور گمراہ کن قرار دیا جاتا رہا تھا۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک کم از کم 71 ہزار 667 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ان اعداد و شمار میں وہ افراد شامل نہیں جو اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے لاپتہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ یہ تعداد صرف براہِ راست فوجی حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں پر مشتمل ہے، جبکہ بھوک، بیماری، طبی سہولیات کی کمی اور دیگر وجوہات سے مرنے والوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا۔

بین الاقوامی اداروں اور آزاد ماہرین کی جانب سے غزہ کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا ہے، جنہیں مجموعی طور پر قابلِ اعتماد قرار دیا گیا ہے۔

کچھ تحقیقی رپورٹس، جن میں جون 2025 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق بھی شامل ہے، کے مطابق اصل ہلاکتیں اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔ ان مطالعات میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ گزشتہ برس کے آغاز تک تشدد کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہو سکتی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار محتاط اندازوں پر مبنی ہیں اور غزہ میں جاری محاصرے کے باعث پیدا ہونے والی بھوک، بیماریوں اور صحت کے نظام کی تباہی سے ہونے والی اموات کی مکمل عکاسی نہیں کرتے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!