8 hours ago
غزہ میں غذائی قلت سے 57 فلسطینی بھوک سے بلک بلک کر انتقال کرگئے

ویب ڈیسک
|
4 May 2025
غزہ: اسرائیلی پابندیوں کے باعث غذائی قلت کا شکار ایک اور بچی کی موت کے بعد فاقہ کشی سے ہلاکتوں کی تعداد 57 تک پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بربریت اور پابندیوں کی وجہ سے فلسطینی شہری اپنی بھوک مٹانے کیلیے خوراک کو ترس رہے ہیں جو بنیادی انسانی حق ہے۔
فلسطینیوں نے خوراک کے چیلنج سے نمٹنے کیلیے کچھوے کھانے شروع کیے اور اب وہ بھی ختم ہوگئے ہیں جس کے بعد صورت حال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطین میں اس وقت 9,000 سے زائد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ امدادی سامان سے بھرے سیکڑوں ٹرک بارڈر پر داخلے کی اجازت کا انتظار کر رہے ہیں۔
اسرائیل نے 2 مارچ سے غزہ میں امداد کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔
بین الاقوامی فلاحی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیژن کے مطابق، مالٹا کے بین الاقوامی پانیوں میں امدادی جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا۔
جہاز پر غزہ کے لیے طبی امداد اور رضاکار سوار تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، دونوں ممالک ایک نئی امدادی نظام پر کام کر رہے ہیں جو حماس تک امداد نہ پہنچنے دے۔ تاہم، اس عمل میں غزہ کے بے گناہ شہریوں تک امداد پہنچنے میں مزید تاخیر ہو رہی ہے۔
غزہ میں انسانی المیہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
Comments
0 comment