1 hour ago
ہنگری کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر بند کرنے کا فیصلہ
Webdesk
|
2 Aug 2026
ہنگری نے دریائے ڈینیوب میں پانی کی ریکارڈ کم سطح کے باعث ملک کے سب سے بڑے پاکس نیوکلیئر پاور پلانٹ کو اتوار کے روز مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم پیٹر میگیار نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ دریائے ڈینیوب کے پانی کی سطح غیر معمولی حد تک گرنے کے باعث پلانٹ کی کولنگ کے لیے درکار پانی دستیاب نہیں، جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت پلانٹ کو عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔
پاکس نیوکلیئر پاور پلانٹ ہنگری کی مجموعی بجلی کا تقریبا 50 فیصد پیدا کرتا ہے، اس لیے اس کی بندش ملک کے توانائی کے نظام کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بارشوں کی شدید کمی کے باعث دریائے ڈینیوب میں پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے، جس سے نہ صرف بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے بلکہ دریائی جہاز رانی اور سیاحت کی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ میں بڑھتی ہوئی گرمی اور خشک سالی کے اثرات توانائی کے شعبے سمیت مختلف شعبوں پر نمایاں اثر ڈال رہے ہیں، جبکہ دریا کے پانی پر انحصار کرنے والے بجلی گھروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
Comments
0 comment