1 hour ago
جنوبی کوریا میں سورج آگ برسانے لگا، 16 ہلاکتیں
ویب ڈیسک
|
4 Aug 2026
جنوبی کوریا میں رواں سال شدید گرمی کی لہر کے باعث اب تک 16 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو ہزار سے زائد افراد گرمی سے متعلق مختلف بیماریوں کا شکار ہوئے ہیں۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ داخلہ کے مطابق 15 مئی سے 2 اگست کے دوران 2 ہزار 25 افراد ہیٹ ویو سے متاثر ہوئے، جن میں سے 16 افراد انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ تین مرتبہ ٹوٹا، جبکہ اتوار کے روز شہر یانگسان میں درجہ حرارت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دارالحکومت سیئول میں شدید ہیٹ ویو وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جہاں آج بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے حکام نے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ طبی عملہ 63 ہزار حساس شہریوں، جن میں بزرگ اور معذور افراد شامل ہیں، کی صحت کی نگرانی کر رہا ہے، جبکہ دارالحکومت میں گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے 200 ٹرکوں کے ذریعے تقریباً 2 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment