کیلیفورنیا میں 7 کی شدت کا زلزلہ، لوگوں کی نقل مکانی
Webdesk
|
6 Dec 2024
کیلی فورنیا : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 7 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی زلزلہ پیما مرکز نے کہاکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں تھا۔
زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کے ساتھ کیلیفورنیا اور جنوبی اوریگون کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی بعد ازاں کینسل کردی گئی تاہم آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔
سونامی کی وارننگ کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کا عمل شروع کردیا جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا تھا۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام جزوی طور پر معطل ہو گیا جس کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔
امریکی پاور آٹریج ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے ساحلی علاقے میں زلزلے کے بعد 99 ہزار صارفین میں سے 10 فیصد افراد بجلی سے محروم ہوئے۔
ریاست کیلیفورنیا کے سینیٹر مائیک مک گوائیر کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی آپریشن کیلئے ریسکیو ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے جو ہمبولڈٹ اور ڈیل نور کانٹی کے متاثرہ علاقوں میں مقامی ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم کا کہنا تھا کہ ریاستی ایمرجنسی حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، اور ریاستی سطح پر امدادی سرگرمیوں کیلئے آپریشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق زلزلے سے ہونے والے نقصانات یا اموات سے متعلق تاحال ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، اب تک زلزلے سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
Comments
0 comment