مذہبی تہوار کیلیے بھارت سے 55 ہندو پاکستان پہنچ گئے
ویب ڈیسک
|
19 Dec 2023
لاہور: مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے بھارت سے 55 ہندو یاتریوں کا وفد واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا جہاں بھارتی مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔
ہندویاتریوں کا وفد منگل کی صبح وجے کمار شرما کی سربراہی میں پاکستان پہنچا جہاں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم سمیت پاکستانی ہندو رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
بھارتی یاتریوں کو سات دن کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکریٹری رانا شاہد سلیم نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے بھارتی ہندو یاتریوں کے طعام، قیام، پوجا پاٹ کے حوالے سے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں جبکہ کٹاس راج میں موجو د سبھی17مندروں سمیت دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔
پاکستان پہنچنے والے ہندو یاتری گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں رات قیام کے بعد بدھ کو خصوصی بسوں کے ذریعے کٹاس راج مندر(ضلع چکوال) روانہ ہوں گے۔ ہندو یاتری 21اور22دسمبر کو کٹاس راج میں میں قیام کریں گے۔جہاں شیو راتری پوجا/کارتک پوجا اور پوتر اشنان کیا جائیگا۔
مذہبی رسومات میں مقامی ہندوکمیونٹی بھی شریک ہوگی اوردیپ پالا کی خوشیاں منائے گہ۔ 24 دسمبر کو شاہی قلعہ لاہور میں شری لو کی سمادھی پر حاضری کے علاوہ کرشنا مندر میں پوجا ،لاہور تاریخی مقامات کی سیر اورخریداری کریں گے۔
بعد ازاں ہندو یاتری25 دسمبر کو واہگہ چیک پوسٹ راستے اپنے ملک واپس چلے جائیں گے۔
Comments
0 comment