6 hours ago
امریکا کے مسلسل دسویں رات حملے، ایران کی جوابی کارروائی
Webdesk
|
21 Jul 2026
تہران، واشنگٹن، دوحہ: امریکا نے مسلسل دسویں رات ایران پر بمباری کی اور ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا .جس کے جواب میں ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغ دیئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جزیرہ قشم، بندرعباس، چابہار، کنارک اور اصفہان میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں تاہم ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر حملوں کے نقصانات یا ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
خلیج فارس کے ساحل پر واقع قصبے سرک کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، ارنا کے مطابق آج ہونے والے دھماکوں کی صحیح جگہ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے اور بعض مقامی رپورٹس میں سمندر میں آوازیں سنائی دینے کی اطلاع ملی ہے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے مطابق کرمان کے علاقے رودبارِ جنوبی کی فضاں میں امریکی فوج کی جانب سے داغے گئے کروز میزائل کو ناکارہ بنا دیا گیا۔امریکی سینٹر کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے مسلسل دسویں رات ایران پر حملے مکمل ہوگئے. جس میں میزائل اور ڈرون لانچنگ مقامات، اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ایران کے خلاف ایک اور مرحلہ وار حملے مکمل کرلیے، امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ اہم بین الاقوامی بحری گزرگاہ سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت بدستور جاری ہے. مئی کے آغاز سے اب تک سینٹکام کی فورسز نے تقریبا 900 تجارتی جہازوں اور 45 کروڑ بیرل خام تیل کی ترسیل میں مدد فراہم کی ہے۔
سینٹکام نے کہا کہ امریکی فورسز آبنائے ہرمز سے آزادانہ اور کھلے عام گزرنے والے شہری ملاحوں کے خلاف بلاجواز جارحیت پر ایران کو جواب دہ بنانے کے لیے بدستور پوری طرح تیار اور مستعد ہیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی حملوں کے جواب میں اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعوی کیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی اڈے پر دفاعی ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا، امریکی F-15 جنگی طیاروں کے ہینگر کو بھی نشانہ بنایا گیا، کارروائیاں دشمن کے ریڈار نظام کو ناکارہ بنانے، فضائی دفاعی نظام کو ختم کرنے کے لیے کی گئیں۔
یہ بھی کہا گیا کہ خطہ امریکی جارحیت پسند افواج کے لیے نہیں ہے، مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے امریکی فوج کو خطہ چھوڑ دینا چاہئے۔
پاسداران انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے بحرین میں ایک امریکی تجارتی ہدف کو کروز میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے، ایرو اسپیس فورس نے متعدد کروز میزائلوں سے حملہ کر کے ایمیزون کے مرکزی ڈیٹا انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔
Comments
0 comment