16 hours ago
امریکا نے بھارت پر ویزہ پابندیاں عائد کردیں

ویب ڈیسک
|
19 May 2025
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت میں سرگرم متعدد ٹریول ایجنسیوں کے مالکان، ایگزیکٹوز اور اعلیٰ افسران پر ویزہ پابندیاں لگا دی ہیں.
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ یہ ایجنسیاں جان بوجھ کر غیرقانونی طور پر لوگوں کو امریکہ لانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ میں موجود بھارتی مشن کے قونصلر اور ڈپلومیٹک سیکیورٹی اہلکار روزانہ کی بنیاد پر ان مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ویزہ پابندیاں ان تمام افراد پر عائد کی گئی ہیں جو غیرقانونی امیگریشن یا انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس سے وابستہ ہیں۔
یہ پابندیاں ان لوگوں پر بھی لاگو ہوں گی جو بظاہر ویزہ ویور پروگرام کے اہل ہوں، لیکن غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں۔
امریکہ کا مقصد نہ صرف غیرقانونی امیگریشن کے خطرات سے آگاہ کرنا ہے، بلکہ ان مجرموں کو بھی قانون کے شکنجے میں لانا ہے جو انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
امریکی حکام نے زور دے کر کہا کہ وہ ان تمام نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو انسانی اسمگلنگ اور غیرقانونی امیگریشن کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی شخص یا ادارہ امریکی امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرے گا، اسے سخت سزائیں دی جائیں گی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت سے امریکہ جانے والے غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی حکام کے ساتھ مل کر ان مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ تاہم، اگر بھارت کی جانب سے اس معاملے میں سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے، تو امریکہ مزید سخت پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔
Comments
0 comment