19 hours ago
مودی کی بوکھلاہٹ، 27 سال تک مقبوضہ کشمیر میں ڈیوٹی کرنے والے اہلکار کو پاکستان بھیجنے کا حکم

ویب ڈیسک
|
3 May 2025
پہلگام: بھارتی فوج کی جعلی کارروائی کے بعد نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زندگی اجیرن ہوئی ہے، بلکہ اب طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے مقامی پولیس اہلکار بھی مودی سرکار کے ظلم کا شکار بن رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ 27 سال سے جموں و کشمیر پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم اب انہیں علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے عدالتی فیصلے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ نے واضح حکم دیا تھا کہ ہمیں جموں و کشمیر سے باہر منتقل نہیں کیا جاسکتا۔
بھارتی پاسپورٹ رکھنے کے باوجود افسر نے سوال اٹھایا کہ عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں اور دیگر اہلکاروں کو جبراً کیوں منتقل کیا جارہا ہے۔
افسر کے خاندان نے بھی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم نے ہمیشہ یہاں رہائش اختیار کی ہے اور یہی ہمارا گھر ہے۔"
دفاعی تجزیہ کاروں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری طور پر توجہ دیں۔
واضح رہے کہ پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد سے بھارت-پاکستان کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ دریائے سندھ کے معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکیوں سمیت بھارت کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں پاکستان نے واضح کردیا ہے کہ وہ ہر قدم کا مناسب جواب دے گا۔
یہ صورتحال اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف عام شہری بلکہ ریاستی اداروں سے وابستہ افراد بھی بھارتی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار ہورہے ہیں۔ عالمی برادری کی طرف سے اس مسئلے پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
Comments
0 comment