4 hours ago
پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کئی شہریوں کے گھر بارود سے اڑا دیے

ویب ڈیسک
|
28 Apr 2025
بھارتی فوج پہلگام واقعے کے بعد حملہ آوروں کی معاونت کے الزام میں مقبوضہ کشمیر میں متعدد گھروں کو مسمار کردیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارتی فوج نے ایک بار پھر کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کرکے انہیں بے گھر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے مزید 5 کشمیریوں کے گھروں کو دھماکا خیز مواد استعمال کرکے تباہ کر دیا، جس سے درجنوں قریبی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
تباہ کیے گئے مکانات عام کشمیری شہریوں کے تھے، جن میں عامر نذیر وانی، جمیل احمد، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد کے گھر شامل ہیں۔
گزشتہ تین دنوں میں بھارتی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 7 کشمیری خاندانوں کے آبائی گھر مسمار کیے جا چکے ہیں، جس سے متعدد خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اس اقدام کو مودی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو بے گھر کرکے علاقے میں ہندوؤں کی آبادی کاری کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کے باوجود ان کے عزم کو نہیں توڑ سکے گا، اور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں غیرقانونی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرکے ہندوؤں کو آباد کر رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے۔
ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام اپنے جائز حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے اور بھارت کے جبر کے باوجود اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Comments
0 comment