3 hours ago
پاک بھارت کشیدگی امریکا نے اہم قدم اٹھالیا، وزیر خارجہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

ویب ڈیسک
|
30 Apr 2025
واشنگٹن: امریکا نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران انتہائی اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی ایشیا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلگام واقعے کے بعد بڑھتی کشیدگی پر امریکا نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک سے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
محکمہ خارجہ نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کریں گے۔
ترجمان محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ دونوں ممالک کو کشیدگی میں اضافے سے گریزکرنے کا مشورہ دیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ مقبوضہ کشمیرمیں پیش آنے والے حالیہ واقعے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور معاملے کی حساسیت سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت خطے میں امن و استحکام کی حامی ہے اور اس حوالے سے وزیر خارجہ مارکو روبیو پاک بھارت دورہ کریں گے جبکہ کشیدگی ختم کروانے کیلیے وہ دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطے کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور فریقین سے سفارتی ذرائع کے ذریعے رابطے میں ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ واشنگٹن کسی بھی ایسے اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گا جوخطے میں مزید کشیدگی کا باعث بنے۔
Comments
0 comment