18 hours ago
پاکستان کو قرض نہ دیا جائے، بھارت کی آئی ایم ایف سے اپیل

ویب ڈیسک
|
3 May 2025
نیو یارک/اسلام آباد: بھارت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کے قرضے کے پروگرام کا جائزہ لینے کی درخواست کی تاہم اُسے عالمی محاذ پر شکست ہوئی ہے۔
ایک بھارتی سرکاری عہدیدار کے مطابق، مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارت نے آئی ایم ایف سے پاکستان کو قرض نہ دینے درخواست کی ہے۔
بھارت کا دعویٰ ہے کہ حملہ آوروں میں سے دو پاکستانی شہری تھے، جسے اسلام آباد نے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
حالیہ دنوں میں تعلقات مزید خراب ہوئے ہیں، جس کے بعد بھارت نے دریائی پانی کے ایک اہم معاہدے کو معطل کردیا، جبکہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی فضائی حدود کو بھی بند کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے تصدیق کی کہ آئی ایم ایف پروگرام "صحیح سمت میں جاری ہے"۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری جائزہ اجلاس کامیاب رہا اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ حالیہ ملاقاتیں "بہت مثبت" رہی ہیں۔
پاکستان نے گزشتہ سال 7 ارب ڈالر کا آئی ایم ایف بیل آؤٹ اور مارچ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے مزید 1.3 ارب ڈالر کا قرضہ حاصل کیا تھا، جو ملک کی 350 ارب ڈالر کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
آئی ایم ایف کی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ 9 مئی کو ہونے والی ہے، جس میں پاکستان کے پروگرام کی پیشرفت پر بات ہوگی۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی ہے کہ کشیدگی مزید نہ بڑھے اور دونوں ممالک سلامتی کے مسائل پر باہمی تعاون کریں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کو سیاست زدہ کرنے کی کوشش ناکام ہوئی اور پاکستان نے بھارت کی جانب سےکیے گئے اس اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان معاشی ترقی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پورے عزم سے کام کر رہا ہے۔
پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت کا یہ رویہ خطے اور دنیا کیلیے انتہائی خطرناک ثابت ہورہا ہے۔
Comments
0 comment