6 hours ago
پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئرلائنز بحران کا شکار، کروڑوں کا نقصان

ویب ڈیسک
|
25 Apr 2025
نئی دہلی: پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو شدید بحران کا سامنا ہے، جس سے نہ صرف پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے بلکہ کروڑوں روپے کا مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی نائب صدر کی خصوصی پرواز کو نئی دہلی سے اٹلی جاتے ہوئے غیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ پرواز نے روٹ میں تبدیلی کے باعث ڈیڑھ گھنٹے کا اضافی سفر طے کیا، جس کے باعث نائب صدر کو دو گھنٹے سے زائد انتظار کرنا پڑا۔
بین الاقوامی پروازیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ ٹورنٹو، نیویارک، لندن، ڈنمارک اور دمام سے دہلی آنے والی پروازوں کو اوسطاً دو گھنٹے زیادہ وقت لگا، جب کہ برمنگھم، سان فرانسسکو، فرینکفرٹ اور پیرس سے دہلی آنے والی پروازوں کو بھی فضائی حدود کے باعث دو گھنٹے کا انتظار کرنا پڑا۔
ایمسٹرڈیم اور آذربائیجان کے شہر باکو سے دہلی آنے والی پروازیں بھی دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ بعض طویل دورانیے کی پروازوں کو دوسرے ممالک کے ایئرپورٹس پر عارضی طور پر اتارنا پڑا، جیسے کہ شارجہ سے امرتسر آنے والی پرواز کو احمد آباد میں لینڈ کروایا گیا، جب کہ ٹورنٹو سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو ڈنمارک اتارنا پڑا۔
لندن اور پیرس سے آنے والی پروازوں کو ایندھن کی کمی کے باعث ابوظہبی میں لینڈ کر کے ری فیولنگ کے بعد نئی دہلی روانہ کیا گیا۔ دہلی سے تبلیسی جانے والی پرواز کو بھی احمد آباد منتقل کر دیا گیا۔
مزید برآں، الماتے اور تاشقند کے لیے دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جب کہ دبئی سے امرتسر کی پرواز بھی ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔
حکام کے مطابق اگر فضائی حدود کی بندش جاری رہی تو ایئرلائنز کو مزید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول مزید متاثر ہو سکتا ہے۔
Comments
0 comment