9 hours ago
قطر نے دہرے معیار پر اسرائیلی وزیراعظم کو آئینہ دکھا دیا

ویب ڈیسک
|
4 May 2025
دوحہ: قطر نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو کے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کے دہرے کھیل کو بے نقاب کردیا۔
اسرائیل کی جانب حماس کے ساتھ مذاکرات اور جنگ بندی معاہدے میں سے قطر پر دہرا کھیل کھیلنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ یہ الزامات "اشتعال انگیز" ہیں اور ان میں سیاسی و اخلاقی ذمہ داری کا فقدان نظر آتا ہے۔
نتن یاہو نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں قطر پر الزام لگایا تھا کہ وہ "دونوں فریقوں سے دہری باتیں" کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کو "فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ مہذب دنیا کے ساتھ ہے یا حماس کے ساتھ"۔
ان بیانات کے بعد قطری حکومت نے جوابی بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ قطر کی ثالثی کے بغیر یرغمالیوں کی رہائی ممکن نہیں ہوتی۔
ماجد الانصاری نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں کو "مہذب دنیا کا دفاع" قرار دینے پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان بازی ان ماضی کی حکومتوں کی یاد دلاتی ہے جو "معصوم شہریوں کے خلاف جرائم کو جائز ٹھہرانے کے لیے جھوٹے نعرے استعمال کرتی تھیں"۔
قطر گزشتہ کئی ماہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ تاہم، نتن یاہو کے تازہ بیانات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا اس تناؤ کے باوجود قطر اپنی ثالثی کا عمل جاری رکھے گا یا نہیں۔
Comments
0 comment