سعودی عرب کا امریکی کے ساتھ بھی دفاعی معاہدہ طے پانے کا امکان

ویب ڈیسک
|
17 Oct 2025
واشنگٹن: فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورۂ امریکا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ایک بڑے دفاعی معاہدے پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کی تفصیلات فی الحال منظرِ عام پر نہیں لائی گئیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ممکنہ دفاعی معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی اور کشیدہ صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے، جہاں اسرائیل مسلم ممالک کے خلاف مسلسل جارحانہ اقدامات کر رہا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکی حکام نے اس معاہدے کو "خطے کی حکمتِ عملی کی مضبوط بنیاد" قرار دیا ہے۔
ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ معاہدے پر دستخط ولی عہد کے واشنگٹن پہنچنے کے فوراً بعد متوقع ہیں اور مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکا نے قطر کے ساتھ بھی ایک دفاعی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کسی بھی بیرونی جارحیت کی صورت میں ایک دوسرے کا دفاع کریں گے۔
یہ معاہدہ اُس وقت سامنے آیا جب اسرائیل نے دوحہ میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک فضائی حملہ کیا تھا، جس میں حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
دوسری جانب، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھی حال ہی میں ایک اہم دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک اسلحہ کی ترسیل، دفاعی ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ سلامتی اقدامات پر تعاون کریں گے، تاکہ بیرونی خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
Comments
0 comment