4 hours ago
اسرائیل کو مزید 4 مغویوں کی لاشیں مل گئیں

ویب ڈیسک
|
15 Oct 2025
تل ابیب: اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حماس کی جانب سے مزید چار یرغمالیوں کی لاشیں واپس کی گئی ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر اب تک آٹھ لاشیں اسرائیل کے حوالے کی جا چکی ہیں۔
فوجی ترجمان کے مطابق یہ لاشیں منگل کی شب ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کو موصول ہوئیں۔
اس سے قبل اسرائیلی حکومت نے واضح کیا تھا کہ جب تک حماس تمام 28 یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کرتی، غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر بھیجی جانے والی امداد عارضی طور پر روک دی جائے گی۔
فلسطینی تنظیم نے پیر کے روز 20 زندہ اور 4 مقتول یرغمالیوں کو اسرائیل کے حوالے کیا تھا۔
دوسری جانب ریڈ کراس کے مطابق اسرائیلی حکام نے منگل کے روز 45 فلسطینی شہدا کی لاشیں غزہ منتقل کی ہیں۔
پیر کے روز واپس کی گئی چار لاشوں کی شناخت ڈینیئل پیریٹز (22 سال)، یوسی شرابی (53 سال)، گائے الوز (26 سال) اور نیپالی شہری بپن جوشی (23 سال) کے طور پر کی گئی تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ منگل کو موصول ہونے والی لاشوں کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔
Comments
0 comment