اسرائیلی فوج نے امدادی جہاز پر قبضہ کرلیا

اسرائیلی فوج نے امدادی جہاز پر قبضہ کرلیا

یہ دوسرا واقعہ ہے کہ اسرائیل نے جہاز کو روکا ہے
اسرائیلی فوج نے امدادی جہاز پر قبضہ کرلیا

Webdesk

|

27 Jul 2025

اسرائیلی فوج نے غزہ جانے والے امدادی جہاز "ہندالہ" کو روک لیا

غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے جہاز ہندالہ کو اسرائیلی بحریہ نے ہفتہ کی رات اس کے متعین ہدف سے تقریباً 70 سمندری میل دور روک لیا۔

 فریڈم فلوٹیلا کولیشن (FFC) کے مطابق جہاز پر اسرائیلی فورسز کے سوار ہونے کے بعد اس سے تمام رابطے منقطع ہوگئے۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے سی این این کو بتایا کہ "قابض افواج نے ہمارے کیمرے بند کر دیے ہیں اور ہمارا تمام رابطہ ختم ہو گیا ہے۔"

یوٹیوب پر جاری ایک براہِ راست نشریات میں دکھایا گیا کہ مسلح اہلکار جہاز پر سوار ہورہے ہیں جبکہ لائف جیکٹس پہنے غیر مسلح کارکن ہاتھ اٹھا کر ہتھیار ڈال رہے ہیں۔

 ایک اسرائیلی افسر کو جہاز کے کیمرے سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس کے بعد لائیو اسٹریم اچانک ختم ہوگئی۔

بعدازاں اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ بحریہ نے غزہ کے ساحل کی سمندری حدود میں غیر قانونی داخلے کی کوشش کرنے والے جہاز نووارن (جسے بعد میں ہندالہ کا نام دیا گیا) کو روک لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جہاز کو اسرائیل منتقل کیا جا رہا ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔

ہندالہ فریڈم فلوٹیلا کولیشن کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ گروپ کے مطابق جہاز میں یورپ کے دو ارکانِ پارلیمان اور امریکی ٹریڈ یونین رہنما کرسچن اسمال سمیت کئی کارکن موجود تھے۔ جہاز بچوں کا دودھ، ڈائپرز، خوراک اور ادویات سمیت اہم امدادی سامان لے جا رہا تھا۔

کولیشن کے مطابق اسرائیلی مداخلت سے بچنے کے لیے جہاز نے مصر کی جانب رخ کرنے کی بھی کوشش کی تھی لیکن اسے راستے میں ہی روک لیا گیا۔

یہ دوسرا واقعہ ہے جب اسرائیلی افواج نے غزہ جانے والے امدادی جہاز کو روکا۔ جون میں بھی اسرائیل نے میڈلین نامی جہاز کو روکا تھا، جس میں ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی موجود تھیں۔ اس جہاز کو بھی اشدود لے جایا گیا تھا اور عملے کو بعد میں ملک بدر کردیا گیا تھا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!