3 hours ago
اسرائیلی فورسز کا جنوبی لبنان میں گھر پر حملہ، 7 افراد جاں بحق
Webdesk
|
15 Aug 2026
جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے گاں انصار میں ایک مکان کو اسرائیلی طیاروں نے ہفتے کی صبح نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 دیگر زخمی ہوئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ حملہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے امن معاہدے پر اتفاق کے بعد مہلک ترین حملوں میں سے ایک ہے۔
معاہدے کے مطابق اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے مقبوضہ علاقوں میں اس وقت تک موجود رہے گی جب تک لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح نہیں کیا جاتا اور لبنانی فوج ان علاقوں کا کنٹرول سنبھال نہیں لیتی جبکہ حزب اللہ نے ان شرائط کو ہتھیار ڈالنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے ایک علاقے میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی اس کے فوجیوں کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔
یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں حزب اللہ نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے دو روز بعد اسرائیل پر حملے کیے تھے جس کے جواب میں اسرائیل نے لبنان پر بڑے پیمانے پر حملوں کا آغاز کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا تھا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ شمالی اسرائیل کو مزید حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی فوج وہاں موجود رکھے گا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق 2 مارچ سے جاری کشیدگی کے دوران لبنان میں کم از کم 4300 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
Comments
0 comment