3 hours ago
اسرائیلی حملے میں دلیر فلسطینی صحافی 6 ساتھیوں سمیت شہید

ویب ڈیسک
|
11 Aug 2025
غزہ: شمالی غزہ میں الشفاء ہسپتال کے قریب ایک اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے معروف صحافی انس الشریف اپنے 5 صحافتی ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب صحافی ایک خیمے میں موجود تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق 28 سالہ انس الشریف اور ان کے ساتھیوں کو ہسپتال کے مرکزی دروازے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ ممکنہ طور پر ٹارگٹڈ اسٹرائیک تھا۔ شہادت پانے والوں میں الجزیرہ کے رپورٹر محمد قریقیہ، کیمرا مین ابراہیم ظاہر اور میڈیا ورکر محمد نوفل بھی شامل ہیں۔ دیگر دو شہداء کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق انس الشریف نے شمالی غزہ میں اسرائیلی بمباری، انسانی بحران اور جنگی جرائم کی وسیع کوریج کی تھی۔ ان کے کام کی وجہ سے انہیں مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انس الشریف مبینہ طور پر حماس کے ایک سیل کی سربراہی کر رہے تھے، تاہم اس دعوے کے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے ہیں۔ انس الشریف ان صحافیوں میں شامل تھے جو غزہ میں جاری تباہی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے دن رات مصروف تھے۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری کے آغاز سے اب تک 233 سے زائد صحافی اور میڈیا کارکنان اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران شہید ہو چکے ہیں۔ ان میں سے متعدد کا تعلق الجزیرہ نیٹ ورک سے تھا۔ یہ واقعہ غزہ میں صحافیوں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کو ایک بار پھر نمایاں کرتا ہے۔
Comments
0 comment