ترکیہ کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ کو آگ لگانے کی کوشش امام مسجد نے ناکام بنادی، ملزم گرفتار

ترکیہ کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ کو آگ لگانے کی کوشش امام مسجد نے ناکام بنادی، ملزم گرفتار

ملزم نے مسجد میں رکھے قرآن مجید کے نسخوں کو نذر آتش کرنے کی بھی ناکام جسارت کی
ترکیہ کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ کو آگ لگانے کی کوشش امام مسجد نے ناکام بنادی، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک

|

6 Aug 2025

استنبول: ترکیہ کی تاریخی اور قدیم مسجد آیا صوفیہ میں ایک شخص کی جانب سے آگ لگانے کی کوشش کو وہاں موجود امام مسجد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

امام مسجد کی نشاندہی پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترک میڈیا کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ نمازِ مغرب کے بعد پیش آیا۔ ایک نامعلوم شخص مسجد کے اندر داخل ہوا اور قرآن مجید رکھنے والی لکڑی کی کرسی (رحل) کے نیچے کچھ کاغذات چھپائے۔ اس نے ان کاغذات پر کوئی آتش گیر مادہ چھڑک کر انہیں آگ لگا دی۔

اس سے پہلے کہ آگ پھیلتی اور کوئی بڑا نقصان ہوتا، امام مسجد نے صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے فوراً آگ پر قابو پالیا۔ انہوں نے نہ صرف آگ بجھائی بلکہ فوری طور پر سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بھی مطلع کیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دھر لیا اور اس کے قبضے سے وہ آتش گیر مادہ بھی برآمد کر لیا جس کا استعمال آگ لگانے کے لیے کیا گیا تھا۔

حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاحال ملزم کی شناخت اور اس کے اس ناپاک ارادے کے پیچھے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش ابتدائی مراحل میں ہے اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی اس واقعے کی وجوہات اور ملزم سے متعلق تفصیلات میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔ اس واقعے کے بعد آیا صوفیہ کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ آیا صوفیہ کو 2020 میں دوبارہ مسجد میں تبدیل کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس اہم اور تاریخی مقام پر اس طرح کی کوشش نے ایک بار پھر سیکیورٹی چیلنجز کو اجاگر کیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!