1 hour ago
وینزویلا زلزلہ، 8 روز بعد ملبے سے زندہ شخص نکال لیا گیا
Webdesk
|
3 Jul 2026
وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن دوہرے زلزلوں کے آٹھ روز بعد ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے ایک شخص کو زندہ نکال لیا، جسے امدادی کارکنوں اور اہلِ خانہ نے کسی معجزے سے کم قرار نہیں دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ ہرنان گل نامی سکیورٹی گارڈ ساحلی شہر کاتیا لا مار میں ایک سات منزلہ عمارت کے ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے تقریبا 72 گھنٹے تک مسلسل آپریشن جاری رکھا اور بالآخر انہیں زندہ باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ شخص کی موجودگی کا سراغ تین روز قبل مل گیا تھا، جس کے بعد وینزویلا، چلی، امریکا، پرتگال، کوسٹا ریکا، ایل سلواڈور اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والی امدادی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی شروع کی۔
امدادی کارکنوں نے تقریبا تین میٹر لمبی سرنگ بنا کر ہرنان گل تک رسائی حاصل کی جبکہ اس دوران انہیں آکسیجن اور پانی بھی فراہم کیا جاتا رہا۔
ہرنان گل کی اہلیہ نے شوہر کی بحفاظت بازیابی کو "معجزہ" قرار دیتے ہوئے امدادی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
حکام کے مطابق 24 جون کو آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلوں نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ اب تک کم از کم 2,295 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 11 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
Comments
0 comment