2 hours ago
ایران کا شمال مغربی علاقے میں مسلح گروہ کے خلاف کارروائی کا دعویٰ، متعدد افراد ہلاک
Webdesk
|
30 Jun 2026
تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ شمال مغربی صوبہ مغربی آذربائیجان میں ایک مسلح گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کے ارکان کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے حمزہ سید الشہداء ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی مہاباد اور پیرانشہر کے پہاڑی علاقوں میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کارروائی کے دوران بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا، جس کے بعد مسلح گروہ کا نیٹ ورک ختم کر دیا گیا۔
ایرانی حکام نے اس گروہ کو “دہشت گرد اور علیحدگی پسند” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
تاہم اس کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اور واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
Comments
0 comment