1 hour ago
ایران ناقابل برداشت ہوگیا، مزید شدت سے حملے کئے جائیں گے، ٹرمپ
ویب ڈیسک
|
2 Apr 2026
امریکہ کے صدر ٹرمپ نے ایران کو ناقابل برداشت ملک قرار دیتے ہوئے آئندہ تین ہفتوں کے دوران مزید شدت کے ساتھ بڑے پیمانے پر حملے کرنے کا اعلان کر دیا۔
قوم سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کی تازہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی بحریہ اور فضائیہ کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ کئی اہم رہنما ہلاک ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری آپریشن کو ایک ماہ مکمل ہو چکا ہے اور اس دوران ایران کی میزائل اور ڈرون حملے کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے سابق ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آج زندہ ہوتے تو صورتحال مختلف ہو سکتی تھی، تاہم ان کے بقول امریکا اب بھی کامیابی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران طویل عرصے سے ایسے ہتھیاروں کے حصول کے قریب تھا اور تیزی سے میزائل پروگرام کو آگے بڑھا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے رہنماؤں کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے دورِ حکومت میں کیے گئے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے خاتمے کو درست قرار دیا اور اسے اپنی کامیابیوں میں شامل کیا۔ انہوں نے سابق امریکی صدر کے دور میں ہونے والے معاہدے کو غلطی قرار دیا۔
خطاب کے دوران انہوں نے ایران کے خلاف ایک بڑے فوجی آپریشن کا بھی ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کارروائی میں ایرانی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے ایران میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ان کے خلاف کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات تشویشناک رہے ہیں، تاہم امریکا اپنی پالیسی پر قائم رہے گا۔
Comments
0 comment