ایران نے امریکا کو مزید تباہ کن حملوں سے خبردار کر دیا

ایران نے امریکا کو مزید تباہ کن حملوں سے خبردار کر دیا

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ہماری فوجی طاقت اور ساز و سامان کے بارے میں آپ کی معلومات نامکمل ہیں
ایران نے امریکا کو مزید تباہ کن حملوں سے خبردار کر دیا

Webdesk

|

2 Apr 2026

تہران: ایران کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کو مزید تباہ کن حملوں سے خبردار کر دیا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطی میں جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک امریکا مستقل ذلت اور ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں ہو جاتا۔

ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے ایرانی عسکری قوت کے کمزور پڑنے سے متعلق دعوئوں کو مسترد کر دیا۔

ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہاکہ ایران امریکی اور اسرائیلی افواج کے خلاف مزید طاقتور، وسیع اور تباہ کن حملے کرے گا۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ہماری فوجی طاقت اور ساز و سامان کے بارے میں آپ کی معلومات نامکمل ہیں، آپ ہماری وسیع اسٹریٹجک صلاحیتوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

انہوں نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ یہ نہ سمجھا جائے کہ امریکی افواج نے ایران کے اسٹریٹجک میزائل پیداوار کے مراکز کو تباہ کر دیا ہے، میزائل سازی کی تنصیبات، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار، جدید ڈرونز، ایئر ڈیفنس سسٹمز اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتیں اب بھی محفوظ اور فعال ہیں۔

ذوالفقاری نے کہا کہ ایسی غلط فہمیاں آپ کو مزید اس دلدل میں دھکیلیں گی جس میں آپ پہلے ہی پھنس چکے ہیں۔ایرانی عہدیدار کے مطابق جن مقامات کو امریکا نے نشانہ بنایا وہ غیر اہم تھے، جبکہ اصل عسکری پیداوار ان جگہوں پر ہو رہی ہے جو امریکا کی پہنچ سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے میزائلوں، ڈرونز اور اسٹریٹجک نظاموں کو گننے کی کوشش نہ کریں، آپ غلط ثابت ہوں گے اور کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے۔

امریکا اور اسرائیل پر جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایرانی عہدیدار نے جوابی کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!