یورپ میں ہیٹ ویو کی ایک اور وارننگ جاری

یورپ میں ہیٹ ویو کی ایک اور وارننگ جاری

اب تک مختلف ممالک میں 1300 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
یورپ میں ہیٹ ویو کی ایک اور وارننگ جاری

Webdesk

|

30 Jun 2026

پیرس: یورپ میں جولائی کے لیے ایک اور ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی گئی ، تاہم اب تک مختلف ممالک میں 1300 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر(ہیٹ ویو) نے قہر ڈھانا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک مختلف ممالک میں 1300 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

فرانس، اسپین، اٹلی، پولینڈ، سربیا اور ہنگری سمیت پورا برِاعظم شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کے بعد جولائی کے مہینے کے لیے ایک اور خطرناک ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولینڈ میں گرمی کا 100 سالہ تاریخی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جہاں درجہ حرارت 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس سے قبل جولائی 1921 میں یہاں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا تھا۔

اسی طرح ہنگری میں بھی پارہ 40 ڈگری کو چھو گیا ہے۔ گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر البانیا، بوسنیا اور کروشیا میں بھی ہائی الرٹ اور ہیٹ ویو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے موسمیاتی تبدیلیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپ کو زمین کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا برِاعظم قرار دے دیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ "یورپ میں درجہ حرارت عالمی اوسط کے مقابلے میں دگنی رفتار سے بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے اس وقت برِاعظم کے تقریبا 15 کروڑ افراد براہِ راست شدید موسم اور گرمی سے متاثر ہو رہے ہیں۔

یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کے بعد اب امریکا میں بھی شدید ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے امریکا کی وسطی اور مشرقی ریاستوں میں شدید گرمی پڑے گی، جہاں درجہ حرارت 30 سے لے کر 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!