4 hours ago
فرانس میں دن دہاڑے فلمی انداز سے عجائب گھر میں ڈکیتی، ناقابل قیمت زیورات و اشیا چوری ہوگئیں

ویب ڈیسک
|
20 Oct 2025
دنیا کے سب سے مشہور لوور میوزیم میں فلمی انداز کا دن دہاڑے ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، جہاں چوروں کا ایک گروہ صرف سات منٹ میں قدیم اور قیمتی زیورات چرا کر رفوچکر ہو گیا۔
فرانس کے وزیر داخلہ لاراں نونیز کے مطابق چوری ہونے والے زیورات “ناقابلِ قیمت” تھے — یعنی ان کی قدر پیسے سے نہیں ناپی جا سکتی۔
وزیر نے فرانسیسی نشریاتی اداروں سے گفتگو میں بتایا کہ “تین یا چار افراد” نے میوزیم کی مشہور گیلری دی اپولون (Galerie d’Apollon) کو نشانہ بنایا، جہاں شاہی تاج اور نایاب جواہرات نمائش کے لیے رکھے گئے تھے۔
نونیز کے مطابق چور نہایت منظم اور پیشہ ور تھے، جنہوں نے دو ڈسپلے کیسز توڑے اور سات منٹ کے اندر اندر اپنا کام مکمل کر کے فرار ہوگئے۔
فرانسیسی وزیرِ ثقافت رشیدہ داتی نے تصدیق کی کہ میوزیم میں صبح کے وقت چوری ہوئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر بند کر دیا گیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بتایا لوور میوزیم میں آج صبح ڈکیتی ہوئی۔ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں، میں اس وقت پولیس اور میوزیم کے عملے کے ساتھ موقع پر موجود ہوں۔
اطلاعات کے مطابق، ابھی تک چوری شدہ اشیاء کی نوعیت یا ان کی مالیت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
لوور میوزیم نے اپنے دروازے غیر معمولی وجوہات کی بنا پر بند کر دیے ہیں، جبکہ فرانسیسی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ گیلری دی اپولون وہی حصہ ہے جہاں فرانسیسی شاہی خاندان کے جواہرات اور تاریخی ہیرے رکھے جاتے ہیں، اور اسے میوزیم کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی گیلریوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
پیرس کے شہریوں نے اس واقعے کو “فلم مشن امپاسیبل کا حقیقی منظر” قرار دیا۔
Comments
0 comment