لاہور میں مسلح افراد یرغمال بنا کر 8 لاکھ مالیت کے چار بکرے چھین کر لے گئے
ویب ڈیسک
|
5 Jun 2024
لاہور کے علاقے مغل پورہ میں مسلح افراد ملازمین کو یرغمال بنا کر 8 لاکھ روپے مالیت کے چار قیمتی بکرے چھین کر لے گئے تاہم پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی گینگ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مغل پورہ میں پیٹرول پمپ پر بندھے بکروں کو چھیننے کی منظم واردات ہوئی۔
مسلح افراد ایک گاڑی میں آئے اور انہوں نے اسپرے کر کے چوکیداروں کو بے ہوش جبکہ باقی ملازمین کو یرغمال بنا کر چار بکرے چھینے اور فرار ہوگئے۔
پیٹرول پمپ مالک نے تھانے میں مقدمہ درج کرایا اور کہا کہ چار مسلح افراد نے جدید اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور پھر وہ بکرے چھین کر لے گئے جن کی مالیت 8 لاکھ روپے کے قریب تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بکرے میں نے پالے ہوئے تھے اور رواں سال عید الاضحی پر ان میں سے دو کو فروخت کرنے جبکہ دو کو قربان کرنے کا ارادہ تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کے حکم پر سول لائنز ڈویژن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قربانی کے بکرے چوری کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گینگ میں سرغنہ بلال شاہ اور سلمان شامل ہیں جبکہ مزید دو افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے 08لاکھ روپے مالیت کے جانور برآمد کر کے انہیں مالکان کے حوالے کردیا۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق ملزمان کو سیف سٹی اتھارٹیز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی سول لائنز اور ٹیم کو شاباش دی۔
Comments
0 comment