ملک میں گدھوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

ویب ڈیسک
|
4 Jun 2025
اسلام آباد: ملک میں گھدوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی تعداد 60 لاکھ 47 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ملک میں مویشیوں کی تعداد کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ مویشیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس میں گدھوں، بھینسوں، بھیڑوں، بکریوں اور دیگر جانوروں کی آبادی نمایاں طور پر بڑھی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں گزشتہ ایک سال کے دوران 1 لاکھ 9 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ان کی کل تعداد 60 لاکھ 47 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں 13 لاکھ 78 ہزار اضافے کے ساتھ بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار، بھیڑوں کی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار اضافے کے بعد 3 کروڑ 31 لاکھ 91 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 23 لاکھ 58 ہزار کے اضافے کے ساتھ بکریوں کی کل تعداد 8 کروڑ 93 لاکھ 93 ہزار جبکہ اونٹو کی تعداد 14 ہزار کے اضافے کے ساتھ کل تعداد 11 لاکھ 77 ہزار پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گھوڑوں کی تعداد 1 ہزار کے اضافے کے ساتھ کل تعداد 3 لاکھ 83 ہزار، جبکہ خچروں کی تعداد 3 ہزار کے اضافے کے ساتھ کل تعداد 2 لاکھ 27 ہزار پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق مویشیوں کی کل تعداد میں 21 لاکھ 71 ہزار کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد یہ 5 کروڑ 97 لاکھ 11 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
یہ اعداد و شمار ملک کے دیہی معیشت اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، مویشیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد زراعت اور ڈیری انڈسٹری کے لیے مثبت اشارہ ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی چارے اور جانوروں کی صحت کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے لائیو اسٹاک کی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جس سے کسانوں اور مال مویشی رکھنے والوں کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
Comments
0 comment