یوٹیوب دیکھ کر اپنی سرجری کرنے والا تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچ گیا

ویب ڈیسک
|
24 Mar 2025
بھارت: اترپردیش کے ضلع ماتھر کا ایک شخص جو پیٹ کے شدید درد سے تنگ آکر یوٹیوب ویڈیوز کی مدد سے اپنی سرجری کرنے پر مجبور ہوا، اب ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس غیر پیشہ ورانہ عمل کی وجہ سے انفیکشن پھیل گیا، جس کے بعد مریض کی حالت سنگین ہوگئی۔
32 سالہ راجہ بابو کئی دنوں سے پیٹ کے شدید درد میں مبتلا تھا۔ اس نے متعدد ڈاکٹروں سے رجوع کیا، لیکن درد کی صحیح تشخیص نہ ہونے پر اس نے خود ہی سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔
راجہ نے یوٹیوب پر سرجری کے طریقے سیکھے اور میڈیکل اسٹورز سے سرجیکل بلیڈ، اینستھیزیا کے انجکشنز اور ٹانکے خرید کر گھر پر ہی اپنے پیٹ کی سرجری کرنے لگا۔
راجہ نے اینستھیزیا کا انجکشن لگا کر اپنے پیٹ کو کاٹا، لیکن جب دوا کا اثر ختم ہوا تو اسے شدید درد محسوس ہونے لگا۔ گھر والوں نے فوری طور پر اسے ضلعی ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم، انفیکشن کے خطرے کو دیکھتے ہوئے اسے ایک بڑے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
معالجین کے مطابق، راجہ کو 15 سال پہلے اپینڈکس کی سرجری ہوئی تھی، اور ممکنہ طور پر پرانے زخم میں انفیکشن کی وجہ سے دوبارہ درد ہوا ہوگا۔ تاہم، خود سرجری کرنے کے دوران اس نے پیٹ کے اندرونی حصوں کو نقصان پہنچایا اور انفیکشن پھیلا دیا، جس سے اس کی حالت مزید خراب ہوگئی۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ ایسے خطرناک اقدامات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔
Comments
0 comment