300 یونٹ والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد، کتنے یونٹ پر کتنی رقم ادا کرنا ہوگی؟
ویب ڈیسک
|
11 Feb 2026
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وزارتِ توانائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے بجلی کے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کے تحت پہلی مرتبہ ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز لاگو ہوں گے۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کیے جائیں گے، جبکہ اس سے قبل 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین فکسڈ چارجز سے مستثنیٰ تھے۔
فیصلے کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین میں ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں پر 200 روپے جبکہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک استعمال پر 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر 350 روپے فکسڈ چارجز عائد ہوں گے۔
اسی طرح زیادہ بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔ 400 یونٹ تک استعمال پر فکسڈ چارجز 400 روپے، 500 یونٹ پر 500 روپے اور 600 یونٹ استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز بڑھا کر 675 روپے کر دیے گئے ہیں۔ تاہم 700 یونٹ تک اور 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کے فکسڈ چارجز کم کر کے 675 روپے مقرر کر دیے گئے ہیں۔
نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی درخواست بھی منظور کر لی ہے۔ فیصلے کے مطابق 301 سے 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ ایک روپے 53 پیسے کمی کی گئی ہے۔ 500 یونٹ تک استعمال پر فی یونٹ ایک روپے 25 پیسے، 600 یونٹ تک ایک روپے 40 پیسے اور 700 یونٹ تک استعمال پر فی یونٹ 91 پیسے کمی ہوگی۔ 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کو فی یونٹ 49 پیسے کا ریلیف دیا جائے گا۔
فیصلے میں کمرشل صارفین کے لیے بھی فی یونٹ ایک روپے 15 پیسے کمی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نیپرا نے یہ فیصلہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے، جس کے بعد نئے نرخوں کا اطلاق متوقع ہے۔
Comments
0 comment