13 hours ago
شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران زخمی علاج کیلیے امریکا منتقل

ویب ڈیسک
|
19 Jul 2025
ممبئی: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم "کنگ" کی شوٹنگ کے دوران کمر میں چوٹ لگنے کے بعد زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہیں فوری علاج کے لیے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ حادثہ ممبئی میں ایک ایکشن سین کی فلمبندی کے دوران پیش آیا، جہاں کنگ خان نے خود اسٹنٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، چوٹ کی نوعیت سنگین نہیں ہے، تاہم ڈاکٹروں نے شاہ رخ خان کو مکمل صحت یابی کے لیے کم از کم ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر "کنگ" کی شوٹنگ فی الحال معطل کر دی گئی ہے، جس سے فلم کے بجٹ پر اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، لیکن پروڈیوسرز نے اداکار کی صحت کو اولین ترجیح دی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے ہوں۔ 2017 میں بھی فلم "زیرو" کی شوٹنگ کے دوران ان کی گردن میں چوٹ آئی تھی اور انہیں امریکا میں علاج کروانا پڑا تھا۔
فلم "کنگ" کی شوٹنگ گزشتہ برس سے جاری ہے اور اسے 2026 کے اوائل میں ریلیز کرنے کا ہدف ہے۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی بالی ووڈ میں ڈیبیو کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم میں باپ بیٹی کا رشتہ بھی دکھایا جائے گا۔ ابھیشیک بچن بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
"پٹھان" کی کامیابی کے بعد سدھارتھ آنند اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کے مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، جو گزشتہ برس "پٹھان"، "جوان" اور "ڈنکی" جیسی بلاک بسٹر فلموں سے باکس آفس پر چھائے رہے ہیں۔
کنگ خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ "کنگ" کے ذریعے اپنے کیریئر کے ایک نئے اور طاقتور باب کا آغاز کریں گے۔
چاہنے والوں نے امید ہے کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہو کر دوبارہ فلم کے سیٹ پر نظر آئیں گے!
Comments
0 comment