2 hours ago
اسرائیل کی جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورسز پر فائرنگ
Webdesk
|
17 Nov 2025
بیروت: لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس یونیفل نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک نے جنوبی لبنان میں اس کی فورسز پر فائرنگ کی۔
یونیفل کے بیان کے مطابق یہ فائرنگ اسرائیل کے قائم کردہ ایک داخلی کیمپ کے قریب ہوئی، جس میں بھاری گولہ باری سے اہل کاروں کو پانچ میٹر کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا۔
فوجی پیدل گزر رہے تھے اور حفاظتی اقدام کے طور پر قریب ہی پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ یونیفل نے بتایا کہ فورسز نے اسرائیلی فوج سے رابطے کے ذریعے فائرنگ بند کرنے کی درخواست کی۔
خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہل کار 30 منٹ بعد محفوظ طور پر واپس لوٹ گئے، جب کہ ٹینک واپس اسرائیلی کیمپ میں چلا گیا۔
یونیفل نے اس واقعے کو سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا، جو 2006 کی اسرائیل - حزب اللہ جنگ کے بعد نافذ ہوئی تھی اور 27 نومبر 2024 کو طے شدہ جنگ بندی کی بنیاد بنی۔
لبنان کی فوج نے بیان میں کہا کہ اسرائیل بار بار لبنانی سرزمین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس سے علاقے میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے اور جنوبی علاقوں میں لبنانی فوج کی تعیناتی متاثر ہوتی ہے۔
فوج نے کہا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیل کی مستقل خلاف ورزیوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ یہ فوری اقدامات کا تقاضا کرتی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے رد عمل میں کہا کہ جنوبی لبنان کے علاقے الحمامص میں دو مشتبہ افراد دیکھے گئے، جنھیں ہٹانے کے لیے انتباہی فائرنگ کی گئی۔
بعد میں معلوم ہوا کہ یہ دونوں یونیفل کے اہل کار تھے جو خراب موسم کی وجہ سے مشتبہ سمجھے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ فائرنگ جان بوجھ کر نہیں کی گئی اور معاملہ فوجی رابطے کے سرکاری ذرائع سے حل کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment