23 hours ago
علیزے شاہ کا ناقدین کو نازیبا اشارے سے جواب، ویڈیو شیئر کردی

ویب ڈیسک
|
16 Mar 2025
اسلام آباد: لالی ووڈ کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر مسلسل ہونے والی تنقید اور نفرت پر ایک نازیبا اشارے والی ویڈیو شیئر کر کے جوابی پیغام دیا ہے۔
ایک وائرل ویڈیو میں 'عہد وفا' کی اسٹار نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ سے پریشان ہونے اور تھک جانے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جتنا ہو سکا، برداشت کرتی رہیں، لیکن اب بس ہو چکا۔
ان کا پیغام اس وقت اور بھی شدید ہو گیا جب انہوں نے اپنے ناقدین کو بے رحمی سے درمیانی انگلی دکھاتے ہوئے کہا، "میں اب برداشت کر چکی ہوں، اپنے کام سے کام رکھو اور مجھے میری زندگی جینے دو۔"
علیزے شاہ کو ان کے بولد فیشن کے انتخاب اور اپنی ظاہری شکل میں تبدیلیوں پر تنقید کا سامنا رہا ہے، لیکن اداکارہ نے ان تنقیدوں کو برداشت کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ لوگوں کی بات سنتی ہیں، اور اگر چاہیں تو اپنی شکل و جسمانی ساخت کو بدل سکتی ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو انہیں مسلسل سپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "میں ان لوگوں سے محبت کرتی ہوں جو مجھ سے اب بھی پیار کرتے ہیں۔"
علیزے کے اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بہت سے لوگوں نے ان کے رویے کی مذمت کی، جبکہ کچھ نے ان کے حق میں آواز اٹھائی۔
ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "غصے میں بھی فلٹرز کا ہونا ضروری ہے،" جبکہ دوسرے نے کہا، "اس رویے سے انہیں کبھی بھی کام نہیں ملے گا۔" تاہم، کچھ صارفین نے ان کے اپنی زندگی اپنے طریقے سے گزارنے اور اظہارِ رائے کے حق کا دفاع کیا۔
Comments
0 comment