8 hours ago
گلوکار سلمان احمد کے خلاف پیکا ایکٹ کا مقدمہ درج

Webdesk
|
7 Apr 2025
پاکستان تحریک انصاف کے حامی اور نامور گلوکار سلمان احمد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان احمد کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمہ پولیس افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں سلمان احمد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ گلوکار نے سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں اور ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کیا اور اس کی تشہیر بھی کی۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ سلمان احمد کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد فالوورز ہیں، جس کے سامنے انہوں نے قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگینڈا کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سلمان احمد نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹ کو وائرل کیا جس کو پولیس کے ڈیوٹی پر تعینات افسر نے خود دیکھا۔
واضح رہے کہ گلوکار طویل عرصے سے امریکا میں مقیم ہیں اور وہ وہاں بیٹھ کر سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔ اُن کی بیشتر ٹویٹس، پوسٹس میں بانی پی ٹی آئی یا تحریک انصاف کے بیانیے کا پرچار نظر آتا ہے۔
Comments
0 comment