ماہرہ خان کی حرکتوں سے نفرت ہے، خلیل الرحمان قمر
ویب ڈیسک
|
19 Dec 2023
معروف ٹی وی ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر نے ایک بار پھر ماہرہ خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی مایوسی اداکارہ پر نہیں بلکہ ان کے 'عمل' پر ہے۔
متعدد کامیاب ڈراموں اور فلمیں لکھنے والے مصنف خلیل الرحمٰن قمر ایک پوڈ کاسٹ میں نظر آئے اور فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے تنازعات سمیت ماہرہ خان کے ساتھ تنازع پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہا ’’میرا اُس اداکارہ (ماہرہ خان) سے کوئی تنازع نہیں ہے جس کے ساتھ میں نے دوسری بار کام کیا، جب آپ مجھ پر غصہ ظاہر کریں تو یاد رکھیں کہ پاکستان میں مجھ سے زیادہ غصہ کسی کو نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "اگر کوئی مصنف کا احترام نہیں کرتا تو وہ کسی کا احترام نہیں کرے گا۔"
جب ماہرہ خان سے ان کی ناراضگی کے بارے میں سوال کیا گیا تو خلیل الرحمان قمر نے واضح کیا کہ ’میں ماہرہ خان سے ناراض نہیں ہوں، لیکن مجھے ان کی حرکتوں سے نفرت ہے‘۔ خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ 'اس دشمنی کو دور کرنے کے لیے ماہرہ خان کو مجھ سے معافی مانگنی چاہیے، اس کے علاوہ کوئی بھی چیز مسئلے کو حل نہیں کرسکتی‘۔
مشہور ڈرامہ نگار کا کہنا تھا کہ ’میرا ماہرہ خان کے ساتھ احترام کا رشتہ ہے اور عائزہ خان کے بعد اگر میں کسی کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں تو وہ ماہرہ خان تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہرہ خان کے پاس فون کال کے ذریعے وضاحت طلب کرنے کا اختیار تھا، یہ ہم دونوں کے لیے بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم اب کسی پروجیکٹ کے لیے ایک دوسرے سے تعاون نہیں کر سکتے۔
خلیل الرحمان قمر نے بھی مہوش حیات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وجہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مہوش نے میری فلم 'کاف کنگنا' میں کام کرنے سے انکار کیا تھا۔
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر ماہرہ خان کے خلاف تب سے بیانات دے رہے ہیں جب انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں خواتین کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس کا آغاز اس وقت ہوا جب خلیل الرحمان قمر کی مارچ 2020 میں ایک ٹی وی شو میں سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ گرما گرم بحث ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈرامہ نگار نے ناشائستہ الفاظ کا استعمال کیا تھا۔
خلیل الرحمان قمر کے اس رویے پر لالی ووڈ کی میگا اسٹار ماہرہ خان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انہیں خواتین کی عزت کرنے اور احترام کے ساتھ پیش آنے کا سخت انداز سے مشورہ دیا تھا۔
Comments
0 comment