منیب بٹ کیخلاف شہری کے اغوا اور مالی فراڈ کا مقدمہ درج

منیب بٹ کیخلاف شہری کے اغوا اور مالی فراڈ کا مقدمہ درج

اداکار نے اسلام آباد کی اے ٹی سی سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی
منیب بٹ کیخلاف شہری کے اغوا اور مالی فراڈ کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک

|

21 May 2026

پاکستانی اداکار منیب بٹ نے شہری کے مبینہ اغوا اور مالی فراڈ کے مقدمے میں اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی۔

اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے منیب بٹ کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ کیس کی سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل بے قصور ہیں اور مقدمے میں عائد الزامات حقائق کے منافی ہیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ ایک روز کی تاخیر سے درج کیا گیا، تاہم اس تاخیر کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 22 اپریل کو ایک شہری متعال خان کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا، جس کے بعد اس کے کرپٹو اکاؤنٹس اور بینک اکاؤنٹس سے 8600 امریکی ڈالر اور 24 لاکھ روپے سے زائد رقم منتقل کی گئی۔ پراسیکیوشن کے مطابق متاثرہ شہری کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ کا ڈیٹا بھی حذف کردیا گیا تھا۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ملزمان بعد ازاں شہری کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اور سرکاری وکیل کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 جون تک ملتوی کردی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!