2 hours ago
مومنہ اقبال کیساتھ ہراسانی، لیگی رکن اور اداکارہ طلب
ویب ڈیسک
|
21 May 2026
سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ اور ماڈل مومنہ اقبال کی جانب سے آن لائن ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات سامنے آنے کے بعد ایک مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی اور اداکارہ دونوں کو طلب کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے سربراہ محمد علی وسیم کے مطابق مومنہ اقبال کی شکایت موصول ہونے کے بعد دونوں فریقین کو جمعرات کے روز طلب کیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات میرٹ پر کی جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال کی سوشل میڈیا پر کی گئی عوامی اپیل وائرل ہونے کے بعد سائبر کرائم ادارے نے فوری کارروائی شروع کی۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ معاملہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تک بھی پہنچا۔
مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر کیے گئے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک سیاستدان کی جانب سے ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے سے بھی رابطہ کیا لیکن کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
اداکارہ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ انہیں خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ اگر متعلقہ اداروں نے کارروائی نہ کی تو وہ پریس کانفرنس کے ذریعے شواہد میڈیا کے سامنے لے آئیں گی۔ ان کے مطابق دھمکیوں کے باعث وہ اور ان کا خاندان شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
اداکارہ نے تاحال کسی رکن اسمبلی کا نام عوامی طور پر ظاہر نہیں کیا جبکہ دوسری جانب نامزد رکن اسمبلی کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Comments
0 comment