4 hours ago
پہلا پاکستانی گریمی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب

ویب ڈیسک
|
18 Sep 2025
ہالی ووڈ فلم DUNE: PART TWO کے ساؤنڈ ٹریک پر کام کرنے والے پاکستانی نژاد ساؤنڈ انجینئر طوریس حبیب نے گریمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق طوریس حبیب ساؤنڈ انجینئرنگ کے شعبے میں گریمی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی قرار پائے ہیں۔ انہوں نے یہ کامیابی معروف کمپوزر ہانس زِمر کے ساتھ کام کرتے ہوئے حاصل کی، جن کا شمار دنیا کے بڑے موسیقاروں میں ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ طوریس نے یہ کامیابی انتہائی خاموشی سے حاصل کی اور ایوارڈ ٹرافی گھر پہنچنے کے بعد ہی اپنے مداحوں کو آگاہ کیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے پیغام میں انہوں نے اسے اپنی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ قرار دیا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
طوریس حبیب نے کہا کہ "یہ اعزاز صرف میری نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے، مجھے فخر ہے کہ میں ساؤنڈ انجینئرنگ میں دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ کے ساتھ وطن کا پرچم بلند کر سکا۔"
یہ ایوارڈ حاصل کرکے وہ نہ صرف ساؤنڈ انجینئرنگ میں پہلا پاکستانی بن گئے بلکہ مجموعی طور پر گریمی جیتنے والے دوسرے پاکستانی بھی قرار پائے ہیں۔
اس تاریخی کامیابی نے ایک بار پھر دنیا کو یہ یاد دلا دیا ہے کہ پاکستانی ٹیلنٹ ہر شعبے میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Comments
0 comment