17 hours ago
پاکستان میں پیدا ہونے والے معروف بھارتی اداکار چل بسے، مودی سمیت بھارت افسردہ

ویب ڈیسک
|
4 Apr 2025
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد میں پیدا ہونے والے ہندوستانی سنیما کے مشہور اداکار اور فلمساز ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منوج کمار 87 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئے، وہ دل اور جگر کی پیچیدگیوں سمیت طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا شکار تھے۔
کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے مطابق، ان کی موت کی بنیادی وجہ دل کی بیماری تھی، جبکہ جگر کی خرابی بھی ایک اہم وجہ تھی۔ وہ کئی دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
منوج کمار 24 جولائی 1937 کو ایبٹ آباد (موجودہ خیبر پختونخوا، پاکستان) میں ہری کرشنن گوسوامی کے نام سے پیدا ہوئے۔
انہوں نے 1957 میں فلم "فیشن" سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، لیکن 1961 میں "کانچ کی گڑیا" کے بعد انہیں شہرت ملی۔ اس کے بعد انہوں نے حب الوطنی جیسی شہرہ آفاق فلم بنائی۔
انہیں "بھارت کمار" کے لقب سے نوازا گیا، جو ان کی حب الوطنی پر مبنی فلموں جیسے "شہید" (1965)، "اپکار" (1967)، "پورب اور پچھم" (1970) اور "کرانتی" (1981) کی وجہ سے تھا۔
انہوں نے فلم "شور" (1972) کی ہدایت کاری بھی کی، جو بے حد مقبول ہوئی۔ 1992 میں انہیں پدم شری اور 2015 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
منوج کمار کا ماننا تھا کہ "سینما صرف تفریح کا ذریعہ نہیں، بلکہ قوم کے کردار کی تعمیر کرتا ہے۔"
ان کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "منوج کمار جی ہندوستانی سنیما کے ایک عظیم ستارے تھے، جنہیں ان کے حب الوطنی کے جذبے اور قومی فخر کی فلموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"
ان کی وفات سے ہندوستانی فلمی صنعت نے ایک عہد ساز اداکار کو کھو دیا ہے۔
Comments
0 comment