شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار کے تھپڑ پر مدیحہ امام بہری ہوگئیں

ویب ڈیسک
|
3 Apr 2025
لاہور: پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ مدیحہ امام نے ایک ٹی وی شو میں انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایک سین میں لگنے والے تھپڑ نے ان کی سماعت کو مستقل طور پر متاثر کر دیا ہے۔
عید کے خصوصی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے مدیحہ امام نے بتایا کہ ایک ساتھی اداکار کے ہاتھ سے لگنے والے تھپڑ کی وجہ سے ان کے ایک کان کی سماعت شدید متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں مکمل طور پر بہری نہیں ہوئی، لیکن اب مجھ سے بات کرتے وقت دوسرے شخص کو اونچی آواز میں بولنا پڑتا ہے۔‘‘
شو میں موجود معروف اداکار فیصل قریشی نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’یہ سچ ہے، مدیحہ کے ساتھ یہ حادثہ سیٹ پر پیش آیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں اکثر اداکاروں کو ایسی چوٹیں لگ جاتی ہیں۔
مدیحہ امام نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اداکاروں کا کام بہت آسان ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ پیشہ خطرات سے خالی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ تھپڑ میرے کان پر اس طرح لگا کہ اس کا اثر اب تک باقی ہے۔ تاہم، یہ جان بوجھ کر نہیں تھا، بلکہ یہ حادثاتی تھا۔‘‘ جب میزبان نے پوچھا کہ کیا انہوں نے اس اداکار کو معاف کر دیا ہے، تو مدیحہ نے کہا، ’’ظاہر ہے، یہ کوئی جان بوجھ کر تو نہیں کرتا۔‘‘
فیصل قریشی نے بھی اپنا ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ڈرامے میں صبا قمر سے زوردار تھپڑ کھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مرد اداکاروں کے ہاتھ بھاری ہوتے ہیں، اس لیے خواتین اداکاراؤں کو اصل میں نہیں مارا جاتا، بلکہ ایسا دکھایا جاتا ہے۔‘‘
مدیحہ امام کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، جبکہ کئی لوگوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاروں کے تحفظ کے لیے بہتر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
Comments
0 comment