سونو نگم کا پاکستانی گلوکار کا چوری شدہ گانا گانے کا اعتراف، معافی بھی مانگ لی
Webdesk
|
14 Dec 2023
معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے پاکستانی گلوکار عمر ندیم کا گانا چرانے کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق دو دسمبر کو ٹی سیریز کے اشتراک سے سونو نگم کا نیا گانا ’سُن زرا‘ ریلیز ہوا، جسے کروڑوں لوگوں نے سُن کر گانے اور دھن کی تعریف کی۔
مگر بعد میں پاکستانی گلوکار عمر ندیم نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ سونو نگم نے اُن کا گانا چرایا ہے۔ انہوں نے سونو نگم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھ کہ ’آپ کو کم از کم کریڈٹ دے دینا چاہیے تھا‘ْ
عمر ندیم نے گانے کے جواب میں لکھا تھا کہ ’میں نے 2009 میں گانا ’اے خدا‘ گایا جس کی دھن اور شاعری چرائی گئی ہے‘۔ گلوکار نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ “وہ اب زندگی کے ایک ایسے موڑ پر پہنچ گئے ہیں جہاں اُنہیں اس طرح کی چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا”۔
عمر ندیم نے اعتراف کیا کہ ’میں بھی سونو نگم کا مداح ہوں لیکن اگر کسی گانے کو کاپی کرنے جا رہے ہیں تو کم سے کم اصل گانے کے گلوکار کو اس کا کریڈٹ تو دینا چاہیے”۔
عمر ندیم کے الزام کے بعد پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان سمیت سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی گلوکار سونو نگم پر کڑی تنقید کی تھی جس کے بعد اُنہوں نے عمر ندیم سے معافی مانگی۔
سونو نگم نے عمر ندیم کو انسٹاگرام پر ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے مجھ سے اچھا گانا گایا تھا، معذرت، میں نے آپ کا گانا نہیں سنا تھا، اب سنا ہے، کیا بہترین گانا ہے اور آپ نے یقیناً مجھ سے بہت اچھا گایا ہے”۔
بھارتی گلوکار نے عمر ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “انشااللہ! اس سے آپ کو مزید عزت ملے گی، میری طرف سے آپ کے لیے ڈھیر ساری دعائیں”۔ سونو نے مزید کہا کہ “میں نے پہلے آپ کا گانا نہیں سُنا تھا، اگر میں پہلے ہی آپ کا گانا سُن لیتا تو ٹی سیریز کے بینر تلے کبھی بھی یہ گانا ریکارڈ نہیں کرواتا”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں نے دبئی میں اپنے پڑوسی کمال راشد خان (کے آر کے) کے کہنے پر یہ گانا ریکارڈ کروایا تھا”۔ سونو نگم کی معافی پر ردعمل دیتے ہوئے عمر ندیم نے کہا کہ “آپ کی طرف سے یہ ردعمل آنا میری لیے بہت بڑی بات ہے، اس وقت پوری دُنیا میں آپ سے زیادہ سُریلا اور ورسٹائل گلوکار شاید کوئی اور نہیں ہوگا”۔
Comments
0 comment