ٹی وی شو میں جیتی گاڑی حاصل کرنے کیلیے کتنے جتن کیے؟ کامیڈین ایاز سموں کا انکشاف

ویب ڈیسک
|
12 Apr 2025
لاہور: معروف اداکار و کامیڈین ایاز سموں نے ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر کے اہم موڑ اور ٹی وی شو میں جیتی گاڑی کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات پر روشنی ڈالی۔
ایاز سموں نے بھارت کے مشہور کامیڈی شو 'دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج 2' سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جہاں وہ پاکستان سے شرکت کرنے والے سب سے کم عمر کامیڈین تھے۔
بعد میں انہوں نے 'کامیڈی کا کنگ کون' میں بھارت اور پاکستان کے لیجنڈز کے درمیان نمایاں کامیابی حاصل کی، جہاں انہیں 10 لاکھ روپے کا انعام اور 18 لاکھ روپے فی قسط معاوضہ حاصل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2007 میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں 8 لاکھ 53 ہزار روپے مالیت کی کار جیتنے کے بعد، انہیں 15 دن میں گاڑی دینے کا وعدہ کیا گیا، لیکن 2 ماہ تک گاڑی نہ دی گئی۔
چینل نے بعد میں گاڑی کی آدھی رقم کیش میں دینے کی پیشکش کی، جسے ایاز سموں نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ چینل کے بعض افراد نے انہیں دھمکی آمیز انداز میں کم قیمت کی گاڑی لینے پر مجبور کرنا چاہا، لیکن انہوں اس پر بھی انکار کر دیا۔
بالآخر، چینل کے مالک اور دیگر افسران کے مداخلت کرنے پر انہیں وہی جیتی ہوئی گاڑی فراہم کی گئی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ "میں نے کبھی اپنے حق سے سمجھوتہ نہیں کیا"۔ یہ واقعہ ان کے عزم اور انصاف کے لیے لڑنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ایاز سموں کی یہ کہانی نوجوان اداکاروں اور کامیڈینز کے لیے ایک سبق ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں اور غیرمنصفانہ رویے کے خلاف کھڑے ہوں۔
Comments
0 comment