گیارہ اسنیکس انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار

گیارہ اسنیکس انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار

سندھ فوڈ اتھارٹی نے کمپنی کو خط لکھ کر مصنوعات مارکیٹ سے اٹھوانے کی ہدایت کردی
گیارہ اسنیکس انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار

ویب ڈیسک

|

17 Jul 2024

کراچی: ایک لیبارٹری کی رپورٹ کے بعد 11 پیکڈ اسنیکس آئٹمز کو انسانی استعمال کے لیے "مضر" قرار دے دیا، سندھ فوڈ اتھارٹی (SFA) نے ایک نجی کمپنی کو انہیں فوری طور پر مارکیٹ سے ہٹانے کی ہدایت بھی کردی۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مضر صحت مصنوعات میں سلانٹی ویجیٹیبل، سنیکرز ہاٹ مسالہ، اسنیکرز پیزا، ٹویچ کلاسک، پوٹیٹو اسٹکس، چیز بال مسالہ، چیز بالز چیز، کائی کورین ہاٹ، کائی اسپائسی مالا، کائی مالا ووک، اور کائی کورین کیمچی شامل ہیں۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو نے حکم دیا ہے کہ کمپنی تین دن کے اندر ان اشیاء کو مارکیٹ سے واپس اٹھوا لے۔ اگر مقررہ تاریخ تک مصنوعات کو دکانوں اور مارکیٹ سے نہ اٹھایا گیا تو کمپنی کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ 

انہوں نے دیگر صوبائی فوڈ اتھارٹیز پر بھی زور دیا کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسی طرح کے مسائل کی تحقیقات کریں۔ تقریباً ڈھائی ماہ قبل کمپنی نے رجسٹریشن کے لیے 24 مصنوعات جمع کرائی تھیں۔ 

ایس ایف اے نے نمونے جامعہ کراچی کی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوائے، جس میں اس بات کا تعین کیا گیا کہ 11 مصنوعات حفظان صحت کے معیار پر پورا نہیں اترتی ہیں۔

کمپنی کو لکھے گئے خط میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے لکھا کہ پروڈکٹ رجسٹریشن کی درخواست 6 مارچ کو جمع کرائی گئی تھی، اور اس کے بعد لیب ٹیسٹنگ سے صحت کے اہم خطرات کا انکشاف ہوا، جو کہ قانونی ضوابط کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!