ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں کونسی احتیاطی تدابیر اختیار کریں؟
Webdesk
|
2 Jun 2024
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کے بیشتر ممالک ان دنوں ہیٹ اسٹروک کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث لوگوں کی اموات بھی واقع ہورہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹروک تب ہوتا ہے جب آپ گرم ماحول میں جسمانی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں، جب آپ گھر سے باہر یا سورج کی براہ راست نمائش میں ہوتے ہیں تو جسم اتنی رفتار سے گرمی خارج نہیں کرپاتا جتنا زیادہ جذب کر رہا ہوتا ہے۔ جسم کا درجہ حرارت 10 سے 15 منٹ کے اندر اندر 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
اس انتہائی درجہ حرارت میں ہمارے جسم کا حرارت کو کنٹرول کرنے کا نظام بہت جلد ہی اپنی آخری حد جو چھوجاتا ہے، جس کے باعث جسم کا خود کو ٹھنڈا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ہیٹ اسٹروک کی علامت ظاہر ہونے پر فوری طور پر ایمرجنسی کو الرٹ کیا جانا چاہیے۔ جبکہ اس دوران جسم کو جتنی جلدی ممکن ہو ٹھنڈے یا برفیلے پانی اور بھیگے ہوئے کپڑوں سے ٹھنڈا کیا جائے۔متاثرہ شخص کو دھوپ اور گرمی کے ماحول سے نکال کر کسی ٹھنڈی یا سائے دار جگہ میں لے جانا چاہیے۔
مزید برآں اگر ممکن ہو تو متاثرہ شخص کو زیادہ سے زیادہ مائعات (liquids) دیے جائیں۔ اگر جسم پر ضرورت سے زائد لباس موجود ہوں تو انہیں فورا اتار دیا جائے۔
ایک بالغ آدمی کو گرم دنوں میں کم از کم آدھا لیٹر اضافی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ہیٹ اسٹروک سے بچنے کا اولین اور بہترین طریقہ یہ ہے کہ سورج سے براہ راست زیادہ نمائش نہ ہو خاص طور پر دوپہر کے وقت۔ ہلکے رنگ کی ٹوپی سر پر ضرور پہنیں اور زیادہ مقدار میں پانی یا جوس پیئں۔
اسی طرح اگر متاثرہ شخص بے ہوش ہے لیکن نارمل سانس لے رہا ہے تو اسے ایک کروٹ پر لٹا دیا جائے جب تک کہ ایمرجنسی کا عملہ نہ پہنچ جائے۔ اس دوران سانس لینے اور ہوش میں آنے کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کرتے رہنا ضروری ہے۔ اگر متاثرہ شخص نارمل سانس نہیں لے رہا ہے تو سانس بحالی کیلئے سینے کو وقتا فوقتا دبایا جائے۔
Comments
0 comment