1 hour ago
معلم کے تشدد سے مدرسے کا کمسن طالب علم جاں بحق
ویب ڈیسک
|
26 Aug 2026
راولپنڈی: کلرسیداں کے علاقے نلہ مسلماناں میں قائم مدرسے میں زیرِ تعلیم 9 سالہ طالب علم مبینہ تشدد کے بعد جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے محمد فیضان کا تعلق بھکر سے تھا۔ مدرسے سے بچے کو طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دے کر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم والدین کے پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ گیا۔
والدین میت لے کر بھکر پہنچے تو غسل کے دوران بچے کے جسم پر مبینہ تشدد کے نشانات دیکھے گئے، جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ میت واپس کلرسیداں لائی گئی جہاں پولیس نے پوسٹ مارٹم کرایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ مدرسے کا قاری اور مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم ثناء اللہ فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق بچے کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگی، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments
0 comment