کراچی سمیت مختلف شہروں کے لیے ڈینگی الرٹ جاری کردیا گیا
Webdesk
|
26 Sep 2024
کراچی: محکمہ صحت نے ڈینگی کے خطرے کے پیشِ نظر کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد اوردیگرشہروں کے لیے ڈینگی الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مون سون کے بعد کے موسم میں 20 ستمبرسے 5 دسمبر2024 کے دوران ممکنہ ڈینگی پھیلنے کی وارننگ دی گئی ہے۔
موسمی حالات، جن میں زیادہ نمی اور بارش شامل ہیں، نے ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے موزوں ماحول پیدا کر دیا ہے۔ڈینگی کے آغاز کا امکان اس وقت ہوتا ہے جب درجہ حرارت 26-29 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی کی سطح 60% سے زیادہ ہو۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال تین سے پانچ ہفتے تک برقرار رہے گی۔ مزید متاثرہ علاقوں میں 27 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کی صورت میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
ڈینگی مچھروں کی زیادہ سرگرمی کا وقت سورج طلوع ہونے کے دو گھنٹے بعد اور غروب آفتاب سے دو گھنٹے پہلے ہوتا ہے۔ متاثرہ شہرجن میں ڈینگی کا خطرہ ہے ان میں کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاڑکانہ اور ملتان شامل ہیں۔
صحت حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مون سون کے بعد بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ پیشگی اقدامات کریں تاکہ اس وبا پر قابو پایا جا سکے۔
ڈینگی کنٹرول مراکز اور قومی صحت کی ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں۔
محکمہ صحت کے مطابق عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں، کھڑے پانی سے بچیں اور اس دوران مچھر کے کاٹنے سے خود کو محفوظ رکھیں تاکہ ڈینگی کے پھیلا کو روکا جا سکے۔
Comments
0 comment